کرک اور بنوں میں پولیو ٹیم پر حملہ؛ پولیس اہلکار اور پولیو ورکر جاں بحق
مقتول پولیو ورکر کی پرانی دشمنی بھی تھی، اور وہ ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا جب راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا؛ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع
خیبر پختونخوا کے ضلع کرک، اور بنوں میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم پر مامور پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کالا خیل مستی خان میں ملزمان نے پولیو ورکر پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول پولیو ورکر کی پرانی دشمنی بھی تھی، اور وہ ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا جب راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا؛ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کپڑے استری کیوں نہیں کئے؟ ناخلف بیٹے نے 53 سالہ والدہ کو قتل کر دیا
دوسری جانب کرک میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید اور پولیو ورکر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے شکر خیل میں پولیو ٹیم پر حملہ ہوا، فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیو ورکر زخمی ہوا۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب گئے۔
پولیو ورکرز پر حملہ دشمن قوتوں کی سازش ہے: گورنر کے پی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرک میں پولیو ٹیم پرحملے کی مذمت کی؛ پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا، اور زخمی پولیو ورکر کو ہر ممکن علاج کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
گورنرخیبر پختونخوا نے کرک میں پولیو ٹیم پر حملے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملہ پاکستان اور انسانیت دشمن قوتوں کی سازش ہے۔
یاد رہے کہ آج سے ملک بھر میں 3 روزہ پولیو مہم شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے کروڑوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔