”جینیسس”: پاکستانی نوجوانوں کا پہلا گروپ عنقریب جاپان کے دورے پر!
امسال پروگرام کا مرکزی موضوع "انرجی" ہے جس میں پاکستان سمیت سارک ممالک کے 41 نوجوان شرکت کریں گے، اور جاپان کے معاشی، سماجی، تاریخی، سیاسی اور سفارتی تعلقات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ جاپانی ثقافت کا تجربہ بھی کریں گے۔
حکومت جاپان کی دعوت پر پاکستانی نوجوانوں کا پہلا گروپ 10 سے 17 دسمبر 2024 تک جاپان کا دورہ کرے گا۔ یہ دورہ جینیسس (جاپان-ایسٹ ایشیا نیٹ ورک آف ایکسچینج فار اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ-JENESYS) پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جاپان اور ایشیا پیسفک کے خطے کے نوجوانوں کے درمیان باہمی احترام اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینا ہے۔
اس سال کے پروگرام کا مرکزی موضوع "انرجی” ہے جس میں پاکستان سمیت سارک ممالک کے 41 نوجوان شرکت کریں گے۔ شرکاء جاپان کے معاشی، سماجی، تاریخی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کے بارے میں جاننے کے ساتھ ساتھ جاپانی ثقافت کا تجربہ بھی کریں گے۔
اس موقع پر جاپان کے سفارتخانے میں ایک پری-ڈیپارچر اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی وفد کو جاپان کے دورے سے متعلق مفید معلومات فراہم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: باڑہ: سرکاری استاد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر نامزد ہز ایکسیلنسی اکاماتسو شوئیچی نے شرکاء کو اس دورے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی، اور کہا کہ جاپان میں قیام کے دوران ہوم اسٹے کا تجربہ نہ صرف جاپانی طرزِ زندگی کو سمجھنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ جاپانی عوام کو پاکستان کی بھرپور اور تاریخی ثقافت سے روشناس ہونے کا موقع بھی دے گا۔
سفیر نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور بہتر تعلقات کے فروغ میں پل کا کردار ادا کریں گے۔
جینیسس پروگرام کے تحت ہر سال سارک ممالک کے نوجوانوں کے گروپ جاپان کا مختصر دورہ کرتے ہیں، جس کا مقصد ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور جاپان و سارک ممالک کے نوجوانوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو تقویت دینا ہے۔