کرم: ملک رئیس خان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق
ملک رئیس خان بگن کمیٹی کے ممبر اور سماجی کارکن تھے؛ جرگہ سے فارغ ہو کر گھر جا رہے تھے جب انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
کرم: لوئر کرم سے تعلق رکھنے والے ملک رئیس خان کو بگن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملک رئیس خان بگن کمیٹی کے ممبر اور سماجی کارکن تھے؛ جرگہ سے فارغ ہو کر گھر جا رہے تھے جب انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملک رئیس کے قتل کی وجہ معلوم ہو سکی ہے نا ہی اب تک اِس واردات کی کسی نے ذمہ داری قبول کی ہے، البتہ بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعہ کو کرم میں موجود امن جرگہ کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تیراہ میں گرینڈ آپریشن؛ آبادی کی محفوظ مقامات پر منتقلی،ڈرون حملوں کا خدشہ
خیال رہے کہ 21 نومبر کو مسافر گاڑیوں کے کانوائے پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سے کرم میں امن و امان کی صورتحال خاصی مخدوش رہی ہے جس میں اب تک 133 افراد جاں بحق، جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب کرم میں جاری جھڑپوں کے باعث وہاں خوراک، ایندھن، اور ضروری ادویات کی قلت پیدا ہو گئی تھی تاہم گزشتہ دنوں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کرم میں جاری صورتحال کا نوٹس لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے حکم دیا کہ ضروری ادویات ہیلی کاپٹر کے زریعے کرم پہنچائی جائیں۔ گزشتہ روز ادویہ کی ترسیل بذریعہ ہیلی کاپٹر شروع کر دی گئی ہے۔