300 روپے کے معاملہ پر خواجہ سرا انجمن کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق مقتول سلمان عرف انجمن اور ملزم مصطفی کے درمیان معمولی رقم پر تلخ کلامی ہوئی جو قتل پر منتج ہوئی۔
مردان پولیس نے ایک کارروائی کے دوران خواجہ سرا سلمان عرف انجمن کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم مصطفی کو گرفتار کر لیا۔
چند روز قبل تھانہ پار ہوتی کی حدود میں خواجہ سرا سلمان عرف انجمن کو 300 روپے کے لین دین پر ہونے والے جھگڑے کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول کے بھائی عبدالرحمٰن ولد نصیب احمد سکنہ گنجی تخت بھائی نے واقعے کی رپورٹ تھانہ پار ہوتی میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرائی تھی۔
ضلعی پولیس سربراہ ظہور بابر آفریدی کی خصوصی ہدایات پر مردان پولیس نے اس واقعے کو فوری حل کرنے کے لیے ایک ماہر تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے خفیہ معلومات، جدید ٹیکنالوجی اور انتھک محنت کے ذریعے یہ گتھی سلجھا دی۔
یہ بھی پڑھیں: ‘اب جعلی خبر پر 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ لگ سکتا ہے’
پولیس کے مطابق مقتول سلمان عرف انجمن اور ملزم مصطفی کے درمیان معمولی رقم پر تلخ کلامی ہوئی جو قتل پر منتج ہوئی۔ ملزم مصطفی ولد عباس خان سکنہ شیوہ اڈہ، صوابی، حال فضل شاہ کلے، فاطمہ روڈ مردان، نے غصے میں آ کر پستول سے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ایک آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا جو گرفتاری کے وقت اس کے پاس تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور اسے جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔