جرائم

باجوڑ: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا علاقہ بدری کے بعد کراچی میں قتل

مقتولین کی شناخت میاں بیوی کے طور پر، اور عطاءاللہ ولد پیر محمد خان، اور رہادیہ عرف ثمرین ولد محمد گل کے ناموں سے ہوئی ہے، اور دونوں کو جمعرات کے روز میوہ شاہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس

باجوڑ سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو پسند کی شادی کرنے پر علاقہ بدری کے بعد کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے تھانہ نیپیئر کی حدود میں قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت میاں بیوی کے طور پر، اور عطاءاللہ ولد پیر محمد خان و رہادیہ عرف ثمرین ولد محمد گل کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کو جمعرات کے روز میوہ شاہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر مقتولہ خاتون کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی تھی۔ بعد ازاں رات گئے مقتولہ کی شناخت رہادیہ عرف ثمرین دختر محمد گل کے نام سے کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: بکاخیل میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 شدت پسند ہلاک

ایس ایچ او تھانہ نیپیئر کے مطابق مقتولین کا آبائی تعلق ضلع باجوڑ سے تھا اور انہوں نے 2 سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد یہ لاہور اور پھر کراچی منتقل ہوئے۔ اس دوران دونوں نے لیاری کے ایک نجی ہوٹل میں بھی قیام کیا اور پھر نیپیئر کے علاقے لیاری میوہ شاہ مسجد کے قریب کرایے پر مکان لے لیا۔

گزشتہ روز مقتولین کلفٹن سی ویو کے قریب شاپنگ مال سے رکشے میں بیٹھ کر لیاری آئے جہاں انہیں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔

مقتول عطااللہ کے کزن نے بتایا کہ مقتول عطااللہ اور اس کی بیوی کو دو سال قبل جرگہ نے علاقہ بدر کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول عطااللہ کے کزن اسفندیار کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کر دیا گیا ہے؛ قانونی کارروائی کے بعد لاشیں مقتول کے کزن کے حوالے کر دی جائیں گی، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سوات میں ایک خاتون اور ایک نوجوان کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا تھا۔ زرائع کے مطابق واقعہ تحصیل مٹہ کے علاقے گجر بنڑ میں پیش آیا جہاں ملزم نے شادی شدہ خاتون اور نوجوان کو قابل اعتراض حالت میں پایا، اور اس نے طیش میں آ کر دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button