‘اس بار واپسی نہیں’ تحریک انصاف کا کل ہر صورت اسلام آباد مارچ، ڈی چوک دھرنے کا اعلان
وزیراعلی ہاؤس پشاور میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت تحریک انصاف قیادت کا اجلاس، احتجاج کے لئے انتظامات کا جائزہ؛ تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے۔ شیخ وقاص اکرم
پشاور: تحریک انصاف کی قیادت نے کل ہر صورت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے اور ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے مطابق تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے۔
وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں قیادت نے 24 نومبر کے احتجاج کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ احتجاج ہر صورت، اور ڈی چوک پر دھرنا ہر صورت ہو گا، اور تمام رکاوٹیں پار کر کے منزل پر پہنچیں گے، ‘اس بار واپسی نہیں ہو گی۔’
یہ بھی پڑھیں: کرم حملے کے بعد قبائل کے مابین جھڑپوں میں 18 افراد جاں بحق 30 سے زائد زخمی
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں وفاقی و پنجاب حکومت موٹروے اور شاہراہیں بند نہ کرے؛ تحریک انصاف کے احتجاج سے حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، حکومت نے ملک بند کر کے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنا دیا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہو گا لیکن حکومت ملک بلاک کر کے عوام کو تکلیف دے رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایک کال سے حکومت کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، 24 نومبر کو پوری قوم سڑکوں پر ہو گی، قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کریں گے، اور تحریک اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کے اہداف حاصل نہیں کر لئے جاتے۔