تعلیم

کرک: پرائمری اسکولز کے معطل کردہ تمام 800 اساتذہ بحال

بحال ہونے والوں میں بانڈہ داؤدشاہ کے 324، تحصیل تخت نصرتی کے 281، اور تحصیل کرک کے 195 اساتذہ شامل ہیں۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے ضلع کرک میں پرائمری اسکولز کے معطل کردہ تمام 800 اساتذہ کو بحال کر دیا، اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) نے تمام اساتذہ کو بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ بحال ہونے والوں میں بانڈہ داؤدشاہ کے 324، تحصیل تخت نصرتی کے 281، اور تحصیل کرک کے 195 اساتذہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اساتذہ نے مطالبات کے حق میں پشاور کے احتجاج میں شرکت کی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے پرائمری اسکولز کے اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ علاوہ ازیں احتجاج کرنے والے اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2025: پاکستان نے 4300 بھکاریوں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے

اِس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لئے اساتذہ جتنی چھٹیاں کریں گے ان کی تنخواہوں سے اتنی ہی کٹوتی کی جائے گی؛ پونے 2 لاکھ اساتذہ کی اپ گریڈیشن ایک ساتھ کرنا ممکن ہی نہیں ہے، اساتذہ احتجاج ضرور کریں لیکن اسکولز میں کلاسز لینے کے بعد کریں۔

اساتذہ کے مطالبہ تھا کہ صوبائی حکومت ان کی اپگریڈیشن کرے اور سرکاری سکولوں کی پرائیویٹائزیشن پر غور نہ کرے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button