میٹرک اور انٹر سالانہ امتحانات مارچ اور اپریل میں کرانے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا میں میٹر ک اور انٹر سالانہ امتحانات مارچ اور اپریل میں کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کورونا کے باعث متاثر ہونیوالا تعلیمی سال اب دوبارہ ماضی کی طرز پر اپنے وقت پر بحال کر دیاجائیگا۔
چیئرمین پشاور بورڈ پروفیسر نصراللہ خان کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کے تمام بورڈز کے کنٹرولرز کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 14 نومبر سے شروع ہونے والے امتحان دوم کیلئے ڈیٹ شیٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں 2025 میٹرک کے سالانہ امتحانات کی انعقاد پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں انٹر بورڈز کوارڈینیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پورے پاکستان میں میٹرک امتحانات مارچ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اپریل میں کرانے کی فیصلے پر تفصیلی بحث ہوئی۔
کنٹرولرز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 مارچ کے پہلے ہفتے سے شروع ہونگے جبکہ انٹرمیڈیٹ کا امتحان اپریل میں شروع ہوگا۔ یہ فیصلہ اس تناظر میں کیا گیا کہ دونوں امتحانات کے نتائج جلدی آنے کے بعد طلباء و طالبات کالجز اور یونیورسٹیز میں بروقت داخلہ لے سکیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا کے باعث تعلیمی سائیکل بری طرح متاثر ہوا ہے جس کو اب پرانے شیڈول پر لایا جا رہا ہے۔ ان فیصلوں کا مقصد پورے پاکستان میں ایک ساتھ امتحانات کا انعقاد ہے۔