خیبرپختونخوا کے پرائمری سکول اساتذہ کا احتجاج، تمام پرائمری سکول بند
خیبرپختونخوا کے تمام پرائمری سکولوں میں تدریسی عمل آج سے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایپٹا) کے زیر اہتمام اساتذہ نے پشاور کے جناح پارک میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایپٹا کے صدر عزیز اللہ کے مطابق، صوبے بھر کے تمام پرائمری سکولوں کے اساتذہ 11 بجے کے بعد جناح پارک پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت 26 ہزار سے زائد پرائمری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں۔
عزیز اللہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے کابینہ سے منظور شدہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے فیصلے پر عمل نہیں کیا، جس کی وجہ سے اساتذہ شدید احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زائد پرائمری اساتذہ احتجاج کے لئے پشاور پہنچیں گے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
اساتذہ نے تحریری اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔