مردان: پانچ سالہ بچی مرجان کے قتل کا معمہ حل، قاتل گرفتار
مردان میں پانچ سالہ بچی کے قتل کیس کا معمہ حل ہو گیا، قاتل چاچی نکلی۔
اس کیس کے سلسلے میں مردان پولیس کے آفیسر ایس پی انویس ٹیکیشن نثار خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ تھانہ طورو پولیس نے پانچ سالہ بچی مرجان کے قتل کا ڈراپ سین کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے دوران مقتولہ کی چچی نورین زوجہ ساجد کو قتل میں ملوث پایا گیا، جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا۔
مدعی مقدمہ رحمن علی سکنہ سوکئی طورو نے اپنی بیٹی مرجان کے قتل کی رپورٹ تھانہ طورو میں نامعلوم ملزم یا ملزمان کے خلاف درج کرائی تھی۔
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں واجد خان ریڈر ایس پی انویسٹی گیشن بھی شامل تھے۔
ٹیم نے جدید تفتیشی طریقے اور پیشہ ورانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے ملزمہ کو شاملِ تفتیش کیا۔ دورانِ تفتیش، ملزمہ نے اعتراف کیا کہ اس نے بچی کو قتل کیا۔
جرم کی وجہ ملزمہ نورین اور مقتولہ کی والدہ کے درمیان جھگڑے اور تکرار کو قرار دیا گیا، جبکہ مرجان اکثر گالم گلوچ کرتی تھی جس سے معاملہ مزید بگڑ گیا۔
ملزمہ نے بدلہ لینے کے ارادے سے اس سنگین قدم کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔