بلاگزعوام کی آواز

کیا بزرگ افراد کی تکریم کے لئے کسی مخصوص دن کی ضرورت ہے ؟

حمیراعلیم

یکم اکتوبر دنیا بھر میں معمر افراد کے عالمی دن کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد معمر افراد کی ضروریات، مسائل اور تکالیف سے معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا اور لوگوں کی توجہ بوڑھے افراد کے حقوق کی طرف دلانا ہے۔ اس موقع پردنیا بھر میں تقریبات، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال یکم اکتوبر کو اپنے بزرگوں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جاتا ہے۔

بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے ساتھ وقت گزارا جائے۔ ان سے بات چیت کی جائے ان کے پسندیدہ مشاغل میں ان کا ساتھ دیا جائے۔ ان کی خدمت کی جائے۔ اپنے پڑوسیوں یا آس پاس کے معمر افراد کے ساتھ وقت گزاریں۔ اولڈ ایج ہوم کا دورہ کریں۔ گریٹنگ کارڈ بھی دیا جا سکتا ہے.

14 دسمبر 1990 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یکم اکتوبر کو معمر افراد کا عالمی دن قرار دیا۔حالیہ دہائیوں میں عالمی آبادی کی ساخت میں ڈرامائی طور پر تبدیلی آئی ہے۔  عالمی سطح پر، 2019 میں 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد 703 ملین تھی۔ مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا کا خطہ بوڑھوں کی سب سے بڑی تعداد (261 ملین) کا گھر تھا اس کے بعد یورپ اور شمالی امریکہ (200 ملین سے زیادہ) تھے۔

اگلی تین دہائیوں کے دوران، دنیا بھر میں معمر افراد کی تعداد دوگنی سے زیادہ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو 2050 میں 1.5 بلین افراد تک پہنچ جائے گی۔ تمام خطوں میں 2019 اور 2050 کے درمیان بڑی عمر کی آبادی کے حجم میں اضافہ دیکھا جائے گا۔ 312 ملین مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں ہونے کا امکان ہے۔ جو 2019 میں 261 ملین سے بڑھ کر 2050 میں 573 ملین ہو جائے گا۔ بوڑھے افراد کی تعداد میں سب سے تیزی سے اضافہ شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا میں متوقع ہے، جو کہ 29 ملین سے بڑھ کر 2019 سے 2050 میں 96 ملین (226 فیصد کا اضافہ)۔

دوسرا سب سے تیز ترین اضافہ ذیلی صحارا افریقہ کے لیے متوقع ہے، جہاں 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کی آبادی 2019 میں 32 ملین سے بڑھ کر 2050 میں 101 ملین ہو سکتی ہے (218)فیصد). اس کے برعکس، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ (84 فیصد) اور یورپ اور شمالی امریکہ (48 فیصد) میں یہ اضافہ نسبتاً کم ہونے کی توقع ہے۔ ایسے خطوں میں جہاں آبادی پہلے سے ہی دنیا کے دیگر حصوں کی نسبت کافی زیادہ ہے۔اس کے ساتھ ساتھ عمر کی حد بھی بڑھتی جائے گی اقوام متحدہ کے مطابق 1950 اور 2010 کے درمیان دنیا بھر میں متوقع عمر 46 سے بڑھ کر 68 سال ہو گئی۔ اس صدی کے آخر تک اس کے 81 تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ہمارا مذہب ہمیں بزرگوں کی تکریم کا درس دیتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام نے بزرگوں کو ایک خاص درجہ دیا ہے .اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔

’’اور بیشک ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی ہے . الاسراء 17:70۔ معمر شخص کا اللہ تعالی کے نزدیک بڑا مرتبہ ہے بشرطیکہ وہ اللہ تعالی کے قوانین پر عمل کرے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی موت کی تمنا نہ کرے اور نہ اس کے آنے سے پہلے اس کے لیے دعا کرے۔ کیونکہ جب تم میں سے کوئی مر جاتا ہے تو اس کی نیکیاں ختم ہو جاتی ہیں اور کچھ مومن کی عمر نہیں بڑھاتا مگر نیکیاں ۔” صحیح مسلم حدیث نمبر 2682

اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کیا میں تمہیں یہ نہ بتاؤں کہ تم میں سب سے بہتر کون ہے؟ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس کی عمر زیادہ ہو۔ اور وہ نیک ہو اور نیک عمل کرتا ہو”۔ البانی 2498

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ کی تسبیح کا ایک حصہ سفید بالوں والے مسلمان کی تعظیم ہے۔”  ابوداود  4843

ایک بوڑھا آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملنے کے لیے آیا اور لوگوں نے اس کے لیے راستہ نہ بنایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "وہ ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بوڑھوں کی عزت کرے۔”ترمذی 1919

والدین کے ساتھ حسن سلوک کی اتنی تاکید ہے کہ قرآن میں کئی آیات میں اللہ تعالی اپنی ذات پہ ایمان کے بعد والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرماتے ہیں۔ والدین کے انتقال کے بعد ان کے دوستوں کی تعظیم کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے برعکس مغربی معاشرے میں بوڑھوں کو ایک ناکارہ چیز کی طرح ٹریٹ کیا جاتا ہے اور انہیں اولڈ ہومز میں تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ایسے بے شمار واقعات ہیں جو مغرب ک کی بےحسی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایک بوڑھا آدمی چار سال سے اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پڑا رہا اور اس کی لاش حادثاتی طور پر ملی ۔

1993 عیسوی میں جرمنی میں خاندانوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی وزارت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 440,000 ایسے بزرگ ہیں جنہیں ہر سال کم از کم ایک بار اپنے رشتہ داروں اور خاندان کے افراد کے ہاتھوں جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایک بوڑھی مفلوج عورت تھی جو اپنے اپارٹمنٹ میں بھوک سے مر گئی تھی کیونکہ اس کے بیٹے نے اس کا پانی، بجلی اور گیس کاٹ دی تھی، یہاں تک کہ پڑوسیوں کو پتہ چلا کہ کیا ہو رہا ہے.لیکن اس کے بعد بہت دیر ہو چکی تھی۔اور ایک بوڑھا آدمی لندن میں اپنے فلیٹ میں مر گیا۔ اس کے پانچ بچے تھے لیکن چھ ماہ بعد تک ان میں سے کسی کو بھی اس کی موت کا علم نہیں تھا۔

جرمنی میں ایک بوڑھی عورت تھی جس کے گھر میں ایک باغ تھا جو بہت خوبصورت تھا۔ وہ سارا سال اس کا خیال رکھتی تھی ہر سال صرف ایک دن کی خاطر جب اس کے بچے اس سے ملنے آتے کیونکہ وہ ان سے بہت پیار کرتی تھی لیکن وہ اسے نظر انداز کرتے تھے۔ اس نے ایک دن ان کے لیے باغ تیار کیا اور ان کے لیے لذیذ کھانا بنایا پھر جب بچے بہانے بنا کر نہ آئے تو وہ بہت روئی اور قریب قریب خود کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ٹوکیو کے ایک اعلیٰ طبقے کے علاقے میں ایک معمر شخص کی موت کے ڈیڑھ سال بعد اپارٹمنٹ میں دریافت ہوا۔ نوے سال کے اس بزرگ شخص کی وفات کے پانچ دن بعد تک کسی کو ان کے بارے میں معلوم نہ ہوا۔ اس طرح ہوکائیڈو کے جزیرے پر واقع سبور شہر میں ایک بزرگ کے گھر میں اس کی موت ہوئی اور گھر میں موجود کسی بھی کارکن کو یہ معلوم نہیں ہوا کہ وہ مر گیا ہے یہاں تک کہ اس کے کچھ رشتہ دار اس سے ملنے آئے اور انہیں پتہ چلا کہ کیا ہوا تھا.

ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ارد گرد بوڑھے لوگ ہیں۔ چاہے وہ افراد خانہ ہوں، دوست ہوں یا محض جاننے والے ہوں۔ وہ ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں،  اپنے تجربے کی بنیاد پر ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔اور ہمیں آنے والے خطرات سے آگاہ کرتے ہیں۔ اسی لئے بزرگوں کی قدر اور عزت کرنی چاہیئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button