رواں سال کے دوران کالعدم تنظیموں کے حملوں میں 337 اہلکار اور شہری جاں بحق جبکہ 616 زخمی، سی ٹی ڈی
حسام الدین
خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی جاری عفریت میں رواں سال کے دوران اب تک وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کا آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان انتہائی خطرناک اور متاثرہ رہا ہے. سال 2024 کے دوران کالعدم تنظیموں کے حملوں میں فوج، فرنٹیئر کور، پولیس ، عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 337 اہلکار اور شہری جاں بحق جبکہ 616 زخمی ہوئے.
کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)رپورٹ کے مطابق صوبے میں سال 2024 کے دوران سب سے زیادہ 103 پولیس اہلکار جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے۔ دہشتگردی کے باعث اب تک 103 عام شہری جاں بحق اور159 افراد زخمی ہوچکے ہیں ۔
دہشتگردی کی عفریت میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کا آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سرفہرست ہے جہاں پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کے سب سے زیادہ 63افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں.
رپورٹ کے مطابق بنوں میں 58 ، شمالی وزیرستان میں 50, جنوبی وزیرستان میں 38, باجوڑ میں 29, خیبر میں 22، پشاورمیں 18,کرم میں16، مردان میں11، ملاکنڈ میں11، کوہاٹ میں10، دیر میں 8، مہمند میں 2 اور ہزارہ میں ایک سکیورٹی فورسز، پولیس اور عام شہریوں کو مارا جا چکا ہے جبکہ ایف سی کے49 اہلکار جاں بحق اور 124 ایف سی جوان زخمی ہوئے۔
ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کے یاتھوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے8 افراد جاں بحق جبکہ 4 اہلکار کو زخمی ہوئے۔ رواں سال اب تک دہشتگردوں نے باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں 4 سیاست دانوں کو جاں بحق اور 2 کو زخمی کیا۔
سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 25 پولیس اہلکار جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے، بنوں میں23 پولیس اہلکار جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے، باجوڑ میں 15 اہلکار جاں بحق اور38 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 12 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے۔ ضلع خیبر میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 12 زخمی ، ضلع مردان میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 13 زخمی ، ضلع مہمند میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ، ضلع دیر میں 2 پولیس جاں بحق اور 7 زخمی، ضلع کوہاٹ میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی ، شمالی وزیرستان میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق ، جنوبی وزیرستان میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق اور 11 خمی ، ضلع کرم میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی جبکہ ضلع ہزارہ میں ایک جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے ۔