خیبر پختونخوا میں بجلی سستی نہ ہوئی تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، ایمل ولی خان
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اسلام آباد مارچ کی دھمکی دی ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سستی بجلی پیدا کر رہا ہے، لیکن پنجاب میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پختونخوا میں بجلی کی قیمتیں کم نہ کی گئیں، تو وہ ایک ماہ بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے اور وہاں دھرنا دیں گے۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ایسے صوبے میں جہاں آئی پی پیز کی بھرمار ہے، وہاں ووٹ بینک کی خاطر بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے، حالانکہ خیبر پختونخوا میں آئی پی پیز سے ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پختونخوا کیوں اس کا بوجھ برداشت کرے؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پختونخوا میں بجلی کی قیمتوں کا تعین پیداواری لاگت کے حساب سے کیا جائے اور وفاقی حکومت فوری طور پر پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کرے۔