سٹیٹس کی دنیا: سوشل میڈیا پر خوشی، غم اور غصہ کے اظہار کا ذریعہ یا وقت کا ضیاع
رانی عندلیب
آج کل سوشل میڈیا کی مقبولیت بے پناہ بڑھ گئی ہے۔ ہر عمر اور طبقے کے افراد اس کا لطف اٹھا رہے ہیں، لیکن سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے کا شوق زیادہ تر خواتین میں پایا جاتا ہے۔ خواتین عام طور پر اپنے مہندی والے ہاتھ، خوبصورت جوتے، یا دیگر دلکش تصاویر سٹیٹس پر پوسٹ کرتی ہیں۔ دوسری طرف، مرد حضرات اتنے سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، لیکن کبھی کبھار سیاسی یا مزاحیہ سٹیٹس ضرور شیئر کرتے ہیں۔
کچھ خواتین برانڈز کے کپڑے، قیمتی موبائل، گھڑیاں، مہنگے ریسٹورنٹس، شادی بیاہ، خوشگوار موسم یا خاص تقریبات کی تصاویر شیئر کرنا پسند کرتی ہیں۔ اس کے برعکس، مرد حضرات عموماً سٹیٹس کی طرف اتنے مائل نہیں ہوتے، مگر وہ سیاست یا کبھی کبھار مزاحیہ پوسٹس ضرور شیئر کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا کی دنیا میں کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو سٹیٹس کے ذریعے ایک سادہ لیکن مؤثر پیغام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ کم الفاظ میں زیادہ گہرا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں اور اکثر آیات، احادیث یا اقوال کی تصاویر سٹیٹس پر لگاتے ہیں۔
شروع میں، لوگوں کو واٹس ایپ سٹیٹس کا پتہ نہیں تھا، مگر اب یہ ایک معمول بن چکا ہے۔ اگر آپ لوگوں کی روزمرہ زندگی سے آگاہ رہنا چاہتے ہیں، تو ان کے سٹیٹس دیکھیں کیونکہ اکثر افراد دن میں کئی بار اپنے سٹیٹس کو اپ ڈیٹ کرتے ہیں۔
خواتین جو سٹیٹس پر روزانہ تصویر لگانے کی عادی ہیں، ان کی فعالیت دیکھ کر باقی خواتین اکثر حسد محسوس کرتی ہیں۔ وہ اپنے دل کی تسلی کے لیے کہتی ہیں کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں، لیکن ان کے لئے یہ صرف ایک دکھاوا ہوتا ہے۔ ایسی خواتین کا کہنا ہوتا ہے کہ اگر ہمیں بھی تصویریں اپ لوڈ کرنے کی اجازت ملے تو ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔
بعض خواتین تو سٹیٹس کے ذریعے اپنے جذبات کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔ واٹس ایپ کے فیچرز کی بدولت، ابتدا میں صرف تصاویر شیئر کی جا سکتی تھیں، مگر اب ویڈیوز بھی سٹیٹس پر اپ لوڈ کی جا سکتی ہیں۔
یہ بلاگ سٹیٹس کے ذریعے جھلکنے والے جذبات پر توجہ دیتا ہے، جیسے خوشی، غم، نفرت، محبت، اور طعنوں کی جھلکیاں جو افراد ایک دوسرے کے لیے شیئر کرتے ہیں۔ بارش کے موسم میں، سٹیٹس پر بارش کی تصاویر اور گانے دیکھنے کو ملتے ہیں، یا محبت کرنے والے اور دوست ایک دوسرے سے روٹھنے کی صورت میں سٹیٹس پر گلے شکوے کرتے ہیں۔
اگر کسی کا شوہر پردیس میں ہے، تو عید کے موقع پر بیوی اپنے شوہر سے محبت کا اظہار جدائی والے سٹیٹس کے ذریعے کرتی ہے، یہ دکھانے کے لیے کہ وہ کس قدر اداس ہیں اور اپنے شوہر کو یاد کرتے ہیں۔
عمومًا، سٹیٹس دوستوں اور خاندان کے لیے ہوتے ہیں، اور اپنے دل کی بات سٹیٹس کے ذریعے پہنچائی جاتی ہے۔ اگر کسی سے گلے شکوے یا کوئی اہم بات کرنی ہو، تو وہ بھی سٹیٹس پر کی جاتی ہے۔