خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز بارش کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 بچے اور ایک مرد جبکہ زخمیوں میں 3 خواتین ، 3 مرد اور 1 بچہ شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 15 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 2 گھروں کو مکمل جبکہ 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر، چترال لوئر، سوات اور بونیر میں رونما ہوئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔ لوئر چترال کی متاثرین کے لئے پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاوس سے 200 خیمے راوانہ کر دئیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اضلاع میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
چترال لوئر میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ مذید بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی۔
پی ڈی ایم اے، تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔