نوشہرہ میں تیزاب پلانے سے 22 سالہ خاتون جاں بحق
سیدندیم مشوانی
نوشہرہ رسالپور توڈھیر رشکہ میں سسرالیوں کے تشدد کا شکار 22 سالہ شادی شدہ خاتون لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زندگی کی بازی ہار گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کو سسرالیوں نے تشدد کے بعد تیزاب پلا دیا تھا جس کی وجہ سے اسکی حالت غیر ہوگئی تھی اور 6 روز کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ 16 فروری کو ہوا۔ مقتولہ شگفتہ نگین نے اپنی نند کی حرکات پر سخت اعتراض کیا تھا جس کے بعد نند کے کہنے پر مقتولہ کے شوہر زاہدالرحمن اور سید الرحمن نے مل کر پہلے اس کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے مقتولہ شگفتہ نگین بے ہوش ہوگئی۔ بے ہوشی میں اس نے پانی مانگا تو نند نے اس کو تیزاب پلادیا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔
پولیس کے مطابق شگفتہ نگین کو پہلے مردان میڈیکل کمپلکس مردان منتقل کیاگیا جہاں اس کی حالت مزید تشویش ناک ہوگئی۔ ڈاکٹرز کے مشورے پر مقتولہ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کردیا گیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ڈاکٹرزکے مطابق شگفتہ نگین کے پھپٹھریں مکمل طور پر تیزاب کی وجہ سے جل چکے تھے جس کی وجہ سے بے ہوشی ختم نہیں ہورہی تھی۔
شگفتہ نگین چھ روز تک زندگی اور موت کی جنگ لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد شگفتہ نگین کی نعیش والد کے حوالے کردی گئی۔ تھانہ رسالپور میں مقتولہ شگفتہ نگین کے قتل تشدد اور تیزاب پلانے کے خلاف زیردفعہPPC 302-336-B/34درج کر لیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ رسالپور انسپکٹر حاجی محمد نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر ملزم زہد الرحمن کو گرفتار کرلیا۔