نوشہرہ میں گنے کے کھیت سے خاتون کی لاش برآمد
سید ندیم مشوانی
نوشہرہ رسالپور باباجی کلے گنے کے کھیت سے خاتون کی بوری بند لاش برآمد ہوگئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مقتولہ کو تشدد اور پھانسی دیکر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مقتولہ کے جسم میں دو سے تین گولیوں کے نشانات بھی ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو کھیتوں میں لاکر تشدد اور بھانسی دی گئی اور اس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی اور بوری میں بند کرکے گھیتوں کے درمیان دفنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقامی زمیندار گنے کی فصل کی کٹائی کررہا تھا کہ اس مقام پر پہنچا تو اس کو بدبو آنا شروع ہوگئی دیکھا کہ زمین میں بوری سے بدبو آرہی ہے۔ گاوں کے لوگوں کو جمع کیا اس کے بعد رسالپور پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایچ او تھانہ رسالپور انسپکٹر حاجی محمد کے مطابق مقتولہ نامعلوم خاتون کی لاش چار سے پانچ ماہ پرانی لگ رہی ہے۔ لاش کے ساتھ مقتولہ کے گلے میں پھانسی کی جانے والی رسی اور مقتولہ کے چپل بھی موجود تھی۔
پولیس کے مطابق اکثر ایسے واقعات غیرت کے نام پر قتل ہوتے ہیں۔ نامعلوم مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرہسپتال نوشہرہ منتقل کردیاگیا جہاں پر ڈی این اے کے لیے مقتولہ کے جسم کے نمونے اور نادرا اہلکاروں نے فنگرز پرنٹ بھی لے لیے۔
پولیس کے مطابق ضلع نوشہرہ، مردان اور پشاور یا چارسدہ میں گمشدہ خواتین کی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہیں۔پوسٹ مارٹم کے بعد نامعلوم مقتولہ کی شناخت نہ ہونے پر نعیش کو سرکاری قبرستان میں امانتا دفن کردیاگیا۔ پولیس کی مدعیت میں نامعلوم مقتولہ کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ رسالپور میں درج کرلیا گیا۔