باجوڑ میں پی ٹی آئی کو دو صوبائی سیٹیں واپس مل گئیں
محمد بلال یاسر
باجوڑ حلقہ پی کے 20 اور پی کے 21 کا سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا۔ پہلے جیتنے والے جماعت اسلامی کے امیدواران مولانا وحید گل اور سردار خان کی جیت ہار میں تبدیل ہوگئی جبکہ پی ٹی آئی کے انورزیب خان اور اجمل خان کامیاب ہوگئے۔ فارم 45 کے ری کاونٹنگ کے بعد حلقہ پی کے 20 اور پی کے 21 کا سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا۔
سرکاری نتائج کے مطابق پہلے جیتنے والے جماعت اسلامی کے امیدواران مولانا وحید گل اور سردار خان کی جیت ہار میں تبدیل ہوگئی، پی ٹی آئی کے انورزیب خان اور اجمل خان کامیاب قرار پائے۔ حتمی نتائج میں حلقہ پی کے 20 پی ٹی ائی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار انور زیب خان 12917 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ مسلم لیگ ن کے شہاب الدین خان 6969 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا وحید گل 6909ووٹ لے کرتیسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار انور زیب خان حلقہ پی کے 20 سے 5948 ووٹ کی لیڈ لیکر جیت گئے۔ اسی طرح حلقہ پی کے 21 پر پہلے جیتنے والے جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان کی جیت بھی ہار میں تبدیل ہوگئی اور اجمل خان کامیاب قرار پائے۔
حتمی نتائج میں حلقہ پی کے 20 پی ٹی ائی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار انجنیئر اجمل خان 16712 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان 8128 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار اجمل خان حلقہ پی کے 21 سے 8584 ووٹ لیکر جیت گئے۔
یاد رہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں دو صوبائی نشستوں پی کے 20 اور پی کے 21 کے انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل اور تبدیلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے سول کالونی خار میں تین روزہ دھرنادیا تھا۔ جو بعد ازاں سابقہ گورنر انجنیئر شوکت اللہ خان اور دیگر جرگہ ممبران کے کوششوں سے ختم ہوگیا اور پی ٹی آئی امیدواران کو قانونی راستے اپنانے کا کہا گیا کہ پی ٹی آئی عدالت میں اپنا حق لینے کیلئے جائے گی تب تک فارم 47 اور 49 جاری نہیں ہوں گے۔
پی ٹی آئی کی درخواست پر ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں تمام امیدواران کے موجودگی میں فارم 45 کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے نتیجے میں حلقہ پی کے 20 پر انور زیب خان اور حلقہ پی کے 21 پر انجنیئر اجمل خان کامیاب قرار پائے۔