محمد بلال یاسر
مشکل ترین راستوں پر سفر کرنے والے اور بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے والے ریحان زیب خان اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے بھی یہی سوچتے تھے کہ وہ ترقی کریں۔ ان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ سے تھا۔ ریحان زیب خان دس سالوں سے پاکستان کے اندر نوجوانوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کام کر رہے تھے۔ خاص طور پر قبائلی علاقوں کے پی کے میں تنازعات کی نوعیت کو سمجھنے اور امن اور تنازعات کے انتظام کے لیے مثبت اقدامات کرنے کے لیے کام کیا۔
انہوں نے ہزاروں نوجوانوں کو سماجی بیداری، تعلیم اور کیریئر کونسلنگ فراہم کرکے قومی ترقی، موسمیاتی چیلنجوں، خوشحالی اور سماجی ناانصافی، بدعنوانی اور منشیات کی لت کے خلاف کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنایا۔ انہوں نے کئی قومی مہموں میں نوجوانوں کے رضاکاروں کی قیادت کی۔ کورونا وبا میں انہوں نے بہادری کا کردار ادا کیا اور اپنے ہی علاقے کے لوگوں کو بروقت امداد فراہم کرکے انہیں بچایا۔
مشکل وقت میں ہزاروں فیس ماسک تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف علاقوں میں فوڈ پیکجز بھی تقسیم کئے۔ آٹھ ہزار سے زیادہ کمزور خاندانوں کی معاونت کی۔ اس شاندار خدمات کی وجہ سے حکومت پاکستان نے ریحان زیب کو "انسین ہیرو آف دی پانڈیمک” کے خطاب سے نوازا۔ ریحان زیب نے ہزاروں بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کے لیے آواز بلند کی۔ سابقہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ریحان زیب خان کو بلین ٹری مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے پر نیشنل یوتھ کونسل آف پاکستان کا ممبر مقرر کیا۔
ریحان زیب خان نے RAWAP (رورل ایریاز واٹر ایسوسی ایشن پاکستان) کے نام سے ایک غیر منافع بخش تنظیم بھی قائم کی جس کا مقصد پاکستان کے دیہی علاقوں کو پینے کے گھریلو استعمال اور زراعت کے مقاصد کے لیے صاف پانی فراہم کرنا ہے۔ ریحان زیب خان گلوبل سٹیزن شپ ایجوکیشن اور یونائیٹڈ اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے سابق طالب علم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے روانڈا افریقہ میں کامن ویلتھ یوتھ فورم 2022 میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ریحان زیب خان نے او آئی سی یوتھ فورم اور ورلڈ بینک یوتھ سمٹ 2021 میں بھی اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
گزشتہ کئی سالوں وہ باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف کے ابھرتے ہوئے لیڈر تھے۔ انہوں نے پارٹی کے نوجوانوں کو بہترین انداز میں منظم کیا۔ عام انتخابات 2024 نیشنل اسمبلی کے پارٹی ٹکٹ کیلئے وہ ایک مضبوط امیدوار تھے۔ ٹکٹ نہ ملنے اور غلط افراد کو ٹکٹ دیئے جانے کے خلاف علم بغاوت بلند کی اور آزاد حیثیت سے باجوڑ حلقہ این اے 8 اور پی کے 22 پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ وہ بہترین انداز میں اپنا الیکشن مہم چلا رہے تھے کہ آج تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ان کے ساتھ تین ساتھی بھی زخمی ہوگئے جن کا علاج جاری ہے۔