جرائم

کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملہ، خاتون سمیت چار افراد جاں بحق

ضلع کرم میں صدہ بازار کے قریب مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک خاتون اور فورسز کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد جان بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاراچنار سے پشاور جانے والے فیلڈر اور کوچ پر صدہ بازار کے قریب مسلح  افراد نے حملہ کیا اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد جان بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

پولیس  کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور رحمان علی، پاک آرمی کے لانس نائک غلام مصطفی اور ایف سی اہلکار عبدالقادر خان شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں نجف علی، افضل اور سائل شامل ہیں۔

ڈی پی او ضلع کرم محمد عمران کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزموں کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ ضلع کرم میں گزشتہ کئی ماہ سے مسافر گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں متعدد افراد جان بحق ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب دہشت گردی کے واقعات کے خلاف طوری بنگش قبائل نے ہنگامی جرگہ طلب کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے قومی طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button