سوات میں گھریلو تنازعے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا
رفیع اللہ خان
سوات کے علاقے خواجہ اباد میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی جاں بحق جبکہ سالی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ سوات پولیس کے مطابق مینگورہ کے نواحی علاقہ خواجہ آباد میں شوہر نے گھریلو تنازعہ پر فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کر دیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر سالی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو زخمی حالت میں سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
مینگورہ پولیس کے اہلکار نیاز نے ٹی این این کو بتایا کہ دونوں میاں بیوی میں گھریلو تنازعہ چل رہا تھا۔ آج صبح ملزم واجد نے اپنی بیوی کو میکے لے کے گیا جہاں یہ افسوس ناک واقع پیش آیا۔ سوات پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ کے بعد مینگورہ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم واجد کو الہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے تاہم مراسلہ ملنے کے بعد ملزم پر مقدمات درج کئےجائیں گے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل بنڑ میں بھی ایک شوہر نے اپنی بیوی کو گھریلو تنازعہ پر فائرنگ کرکےقتل کیا تھا۔ مقتولہ زمین پر پڑی تھی اور اسکا معصوم بیٹا اس کی لاش پر بیھٹے زارو قطار رو رہا تھا۔ اس واقعے کی تصویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھی۔ اس واقعے کے ملزم کو بنڑ پولیس نے فوری گرفتار کرکے پابند سلاسل کردیا تھا۔