پشاور میں مبینہ خودکشی کرنے والے اطالوی شہری کی لاش کو آج اٹلی بھیجا جائے گا
پشاور میں مبینہ خودکشی کرنے والے اطالوی شہری کی لاش کو آج سفارتخانے کے ذریعے اٹلی بھیجا جائے گا۔ پولیس کے مطابق اطالوی شہری جوشوا موائسز ورگاس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے فنگرز پرنٹس اور برآمد ہونے والی کرنسی فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کرادی گئی۔
پولیس کے مطابق غیرملکی سیاح سے عثمان نامی شہری رابطے میں تھا۔
کیس سے متعلق عثمان کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔ متوفی کا عثمان سے آن لائن ایپ پر رابطہ ہوا تھا۔ عثمان نے غیرملکی سیاح کو کرایہ پر فلیٹ دیا تھا۔ متوفی کی خودکشی سے متعلق اطلاع بھی عثمان نے دی تھی۔
یاد رہے 4 دسمبر کو اطالوی شہری جوشوا موائسز ورگاس کی خودکشی کا واقعہ سامنا آیا تھا۔ 4 دسمبر کو عثمان خان اطالوی سیاح سے کئی روز تک رابطہ نہ ہونے پر فلیٹ پہنچا تو اس نے دروازے پر تحریری چپساں دیکھی جس کے بعد اس نے فوری پولیس کو اطلاع کی ، تحریر میں درج تھا کہ ” پولیس کو بلا لیں ، کمرے کی چابی کچن میں ہے”۔
پولیس جب موقع پر پہنچی تو کمرہ لاک تھا ، کمرے کو کھول کر دیکھا گیا تو اندر متوفی کی لاش پڑی تھی۔ اس کے گلے پر رسی بندھی ہوئی تھی ،کمرے سے مختلف فنگر پرنٹس اور ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے جسے فرانزک کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔