پشاور میں دولہے کے قتل کا ڈراپ سین، دلہن گرفتار
پشاور پولیس نے دولہے عدنان کے قتل میں ملوث دلہن اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تھانہ فقیر آباد کے علاقہ مین چارسدہ روڈ پر دلہا عدنان ولد عمر دراز سکنہ انڈسٹریل سٹیٹ کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ملزم جلال ولد فضل مولا نے مورخہ 11 نومبر کو بارات لے جاتے ہوئے دلہے عدنان کو قتل کیا تھا۔ پولیس نے 48 گھنٹوں کے اندر اندر نہ صرف اندھے قتل کا سراغ لگایا بلکہ ماسٹر مائنڈ دلہن اور اور مرکزی ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ پشاور میں قتل کئے گئے دولہے کے قتل کیس میں اہم انکشافات
پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر جامع تفتیش کے دوران ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر ملزم جلال ولدفضل مولاسکنہ مسلم آباد چارسدہ حال حضرت بابا پشتخرہ اور ملزمہ دلہن مسماۃ (س)دختر جہانگیر سکنہ چارسدہ حال لڑمہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق دلہن کا ملزم کیساتھ پہلے سے تعلق تھا۔ دونوں آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔ دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے مگر گھر والے خلاف تھے۔ سب کے انکار پر دونوں نے ملکر مقتول کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔ ملزمہ نے مختلف نمبرات سے مقتول کے لوکیشن کے بارے میں بتایا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔