نوشہرہ میں افغانستان جانے سے انکار پر شوہر نے پاکستانی بیوی کو قتل کردیا
سید ندیم مشوانی
نوشہرہ میں افغان شوہر نے افغانستان جانے سے انکار پر پاکستانی بیوی کوگھر کے اندر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ مقتولہ آینسہ خاتون کو شوہر اور سسرال والے افغانستان زبردستی لے جانے کے لیے ایک ہفتہ سے دباو ڈال رہے تھے۔ مقتولہ آینسہ خاتون کی والدہ مدعی مقدمہ مقصودہ بیگم کے مطابق مقتولہ کے پانچ بچے تھے۔ تھانہ پبی میں مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں افغان داماد آصف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقتولہ آینسہ خاتون کی والدہ مقصودہ بیگم کے مطابق مقتولہ کی شادی دس سال قبل افغان مہاجر آصف کے ساتھ ہوئی۔ مقتولہ کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مقتولہ کا شوہر اصف پہلے پاکستانی کارڈ بنانے کے لیے اس سے لڑتا تھا جب شناختی کارڈ نہ بنا تو حکومتی ڈیڈ لائن کے بعد مقتولہ کے شوہر اور سسرال والوں نے اس کو کہا کہ تیاری کرلو افغانستان جائیں گے جس پر میری بیٹی تیار نہیں تھی۔ دس بارہ دنوں سے مسلسل گھر میں لڑائی جھگڑے ہورہے تھے میری بیٹی نے مجھ سے کئی مرتبہ فون پر بات کی۔
ایس ایچ او تھانہ پبی انسپکٹر اشفاق خان کے مطابق ملزم آصف اپنے بچوں اور گھر کا قیمتی سامان لیکر فرار ہوگیا۔مقتولہ کی نعیش تحویل میں لیکر شوائد جمع کرلیے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ ناصر محمود نے ایف ائی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طورخم باڈر پر ملزم کے ضروری کاغذات تصاویر اور افغان مہاجر رجسٹریشن کارڈ بھی بھیج دیاہے۔ نوشہرہ تھانہ پبی پولیس کی تفتیشی ٹیم طوروخم باڈر وانہ کردی گئی ہے۔
مقتولہ آینسہ خاتون کی ایک ہمسایہ خاتون نرگس ارم کے مطابق اس کا تعلق بھی افغانستان سے ہے۔ یہ لوگ رجسٹر افغان مہاجر ہیں۔ انکے شوہر اور سسرال والے تجارت کرتے ہیں۔ کپڑے کا کاروبار کرتے ہی۔ں مقتولہ آینسہ خاتون بہت خوش مزاج اور قران مجید کی عالمہ تھی۔ سب کو درس دیتی تھی۔ کم عمر تھی 24 سالہ کی تھی اس کی کوشش تھی کہ اس کے شوہر کے پاس قانونی کاغذات مکمل ہوجائیں اور وہ انخلا ء سے بچ جائیں مگر اس کا شوہر اس کو اور اپنے بچوں کو افغانستان لے جانے کی ضد کررہا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ پبی انسپکٹر اشفاق خان نے ٹی این این کے نمائندے کو بتایا کہ ملزم گھر کا سامان آہستہ آہستہ پشاور منتقل کررہا تھا جس پر اس کا اپنی بیوی مقتولہ کے ساتھ جھگڑا شروع ہوگیا تھا۔ ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت گھر ایا اور تکرا ر کے بعد مقتولہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور بچوں کو ساتھ لیکر نامعلوم مقام پر منتقل ہوگیا ہے۔ ملزم کی تلاش جاری ہے۔