گیس قیمتوں میں اضافہ ،سی این جی سیٹنشن احتجاجا بند
وفاقی حکومت کی جانب سے گیس قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سراپا احتجاج بن گئی جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن نے صوبہ بھر کے سٹیشن بھی احتجاجا بند کردئے۔
اس سلسلے میں آج بدھ کو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے یونیورسٹی روڈ پر احتجاج کیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
صوبائی چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن فضل مقیم خان نے احتجاج کی قیادت کی۔ احتجاج میں صوبہ بھر سے سی این جی پمپ مالکان اور ورکرز شریک ہوئے۔ مظاہرین کے وفاقی نگران حکومت کے خلاف نعرے بازی اور روڈ ٹریفک کے لیے جام کردیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس ٹیرف میں اضافہ سی این جی سیکٹر کو ختم کرنے کی سازش ہے، ہم قومی خزانے کو لاکھوں ڈالر کا ریوینیو دیتے ہیں، سی این جی سیکٹر کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے۔
فضل مقیم خان نے کہا کہ ہمارا صوبہ گیس پیداوار میں سب سے آگے ہے، خودکفیل ہے، وفاق ظلم کرنا بند کرے، ٹیرف کو کم کیا جائے، جب تک وفاقی حکومت مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر گیس کی قیمت میں فی الفور کمی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔
انتظامیہ کی درخواست پر ایسوسی ایشن نے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی اور سڑک کنارے دھرنا دے کر بیٹھ گئے مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ قیمتوں میں کمی تک دھرنا جاری رہے گا۔