خیبر پختونخوا: سی ٹی ڈی نے مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری کردی
آفتاب مہمند
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نے مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری کردی جس میں 128 دہشتگردوں کے نام اور تصاویر شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب اشتہاری دہشت گردوں کے سروں کی قیمت بھی مقرر کی گئی ہیں۔ دہشتگردوں کے سروں کی مجموعی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب دہشتگردوں میں سے سب سے زیادہ سید قیصر کے سر کی قیمت 80 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ایک اور دہشتگرد ظہیر قادر کی سر کی قیمت 70 لاکھ، حبیب الحق اور سید نصیب شاہ کے سروں کی قیمت 60 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اختر حسین، کفایت اور سید عجب شاہ نامی دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 55 لاکھ روپے مقرر ہے۔
فہرست میں دہشت گرد کفایت اللہ اور نظیر شاہ کی سر کی قیمت بالترتیب 55 لاکھ اور 53 لاکھ روپے مقرر ہے، حبیب اللہ، شاکر اللہ، سیدالاکبر اور نور قیوم کے سر کی قیمت 50 ،50 لاکھ روہے رکھی گئی ہے۔ کامران، عمر اور اسماعیل نامی دہشت گردوں کی سروں کی قیمت بھی 50 ،50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ دہشتگرد کمانڈر مولوی نعمت اللہ اور کامران کے سروں کی قیمت 40 ،40 لاکھ روپے مقرر ہے۔ اسی طرح دیگر کئی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی مختلف قیمتیں رکھی گئی ہیں۔
فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ان دہشتگردوں کا تعلق بنوں، لکی مروت، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، شانگلہ، سوات، صوابی، چارسدہ و دیگر اضلاع سے ہے۔
دہشت گرد بم دھماکوں، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری اور دیگر سنگین کاروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں۔
محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخوا نے دہشتگردوں کی گرفتاری میں عوام سے مدد و تعاون کی اپیل کی ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق اطلاع دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کی محکمہ سی ٹی ڈی نے 166 مطلوب دہشت گردوں کی لسٹ جاری کی تھی۔