ہنگو میں دو کمسن بیٹوں کو ذبح کرنے کے الزام میں ماں گرفتار
باسط گیلانی
ضلع ہنگو کے علاقے کربوغہ شریف میں پولیس نے دو کمسن بیٹوں کو ذبح کرنے کے الزام میں والدہ کو گرفتار کرلیا۔ ہنگو پولیس تھانہ دوآبہ کے ایس ایچ او شاہ براز نے بتایا کہ علاقہ کربوغہ میں دو بچوں کے قتل کی اطلاع ملی جس پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ جہاں ایک گھر کے اندر کمرے میں دو معصوم بچے خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑے تھے۔
جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ 22 سالہ حنا بی بی نے اپنے تین سالہ بیٹے احمد اور ڈیڑھ سالہ سلیمان کو چاقو سے ذبح کردیا ہے۔ دونوں بچوں کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا ہے۔
بچوں کے والد معاذ کی مدعیت میں ان کی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ شوہر معاز نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی ذہنی مریضہ ہے اور اس کا علاج بھی جاری ہے۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتا کر لیا ہے۔
کمسن بچوں کے والد معاذ نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر سودا سلف خریدنے گیا تھا جب واپسی پر گھر کے قریب آیا تو لوگ موجود تھے۔ انہوں نے دلخراش واقعے کا بتایا جب گھر کے اندر گیا تو کمرے میں دونوں بچے مردہ حالت میں پڑے تھے اور انکی بیوی بھی بے ہوش پڑی تھی۔ پولیس تھانہ دوآبہ نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔