مردان میں ولیمے کے دن دلہا نے دلہن کو قتل کردیا
عبدالستار
مردان کے علاقے شیخ شہزاد ٹاؤن میں ولیمے کے دن دلہا نے فائرنگ کرکے دلہن کو قتل کردیا۔ ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
پولیس تھانہ صدر کے عملے کو مقتولہ دلہن کے باپ جمال شاہ سکنہ ٹھیکیدار کلے نے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی اٹھارہ سالہ بیٹی کی ملزم شہزاد ولد شاہ نظر گل سکنہ شیخ شہزاد ٹاؤن مردان کے ساتھ اتوار کے روز نکاح ہوا اور پیر کے روز دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ولیمے سے فارغ ہوئے اور جیسے ہی ہم اپنے گھر پہنچ گئے تو داماد ملزم شہزاد نے بذریعہ موبائل فون اطلاع دی کہ آجائیں آپ کی بیٹی کو قتل کردیا ہے۔
اطلاع ملنے پر جب ہم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان پہنچے تو انکی نئی نویلی دلہن بیٹی کی لاش پڑی تھی۔ وجہ عناد معلوم نہیں کہ کس وجہ پر انکی بیٹی کو قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ صدر نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔