افغانستان میں زلزلے سے جاں ہونے افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی
افغانستان کے صوبے ہرات میں زلزلے سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 400 سے تجاوز کرگئی۔ زلزلے میں 9 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغان حکام نے زلزلے سے اموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے جبکہ زلزلے سے 1 ہزار 500 سے زائد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق صوبے ہرات میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ ترجمان ڈپٹی گورنمنٹ نے بتایا کہ بدقسمتی سے زلزلے میں ہونے والی اموات بہت زیادہ ہیں اور زلزلے کے باعث ہرات کے خوفزدہ شہری سڑکوں پر موجود ہیں۔
دوسری جانب افغانستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائق کی جانب سے ملبے تلے دبے مزید افراد کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے 40 کلو میٹر شمال مغرب کی طرف تھا جبکہ زلزلے کے بعد سے 8 طاقتور آفٹرشاکس آچکے ہیں جن کی شدت بھی زیادہ محسوس کی گئیں۔