جیل میں قید ایران کی نرگس محمدی نے نوبیل انعام اپنے نام کر لیا
جیل میں قید خواتین کے حقوق کی علمبردار ایرانی خاتون نرگس محمدی نے نوبیل کا امن انعام اپنے نام کر لیا۔
نرگس محمدی کو ایران میں خواتین پر ظلم کے خلاف جدوجہد پر نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
سربراہ نوبیل کمیٹی بیرٹ ریس اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی کے لیے نرگس محمدی کی جدوجہد کا اعتراف ہے۔
BREAKING NEWS
The Norwegian Nobel Committee has decided to award the 2023 #NobelPeacePrize to Narges Mohammadi for her fight against the oppression of women in Iran and her fight to promote human rights and freedom for all.#NobelPrize pic.twitter.com/2fyzoYkHyf— The Nobel Prize (@NobelPrize) October 6, 2023
امن کمیٹی کے مطابق نرگس محمدی نے خواتین کے حقوق اور آزادی کی بہت بھاری قیمت چکائی، انہیں 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا، 5 مرتبہ مجرم ٹھہرایا گیا اور انہیں مجموعی طور پر 31 برس قید اور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی انسانی حقوق کی علمبردار نرگس محمد تہران کی ایون جیل میں اسیر ہیں اور متعدد مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ نرگس محمدی ایرانی حکومت کے خلاف پراپیگنڈا پھیلانے کے مقدمات کا سامنا بھی کر رہی ہیں۔
نرگس محمدی ایک غیر سرکاری فلاحی ادارے ڈیفینڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی ہیں جسے 2003 میں نوبیل کا امن انعام جیتنے والی شیریں عباسی چلاتی ہیں۔
خیال رہے کہ نوبل انعام برائے امن کی مالیت 1 ملین ڈالر کے برابر ہے جو 10 دسمبر کو دیا جائے گا۔