جرائم

مستونگ خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

 

بلوچستان کے شہر مستونگ میں عید میلاد النبی کے جلوس پر خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف درج کرلیا گیا۔ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ دھماکے میں 6 سے 8 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

یاد رہے گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 52 افراد جاں بحق اور 60  سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

خود کش دھماکا مستونگ کی مدینہ مسجد کے باہر عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کیلئے جمع افراد کے درمیان کیا گیا۔ جلوس کے شرکا نعت خوانی میں مصروف تھے کہ جلوس میں شامل گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں ڈی ایس پی نواز گشگوری سمیت 52 افراد جاں بحق اور  60 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایمبولینسیں کم تھیں، زخمیوں اور جاں بحق افراد کو رکشوں، ڈاٹسن اور دوسری گاڑیوں میں اسپتال منتقل کیا گيا۔

خودکش حملہ آور نے بارہ ربیع الاول کے جلوس کے آغاز میں ہی اس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ شہید ڈی ایس پی نواز گشکوری نے حملہ آور کو روکا تو اس نے خود کو اڑا لیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی سمیت دیگر سیاستدانوں نے بھی مستونگ میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اورنگران وزیر اعلیٰ سندھ و پنجاب نے بھی مستونگ دھماکے کی بھرپور مذمت کی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button