جرائم

ہنگو: دوآبہ پولیس اسٹیشن پر حملہ، مسجد میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق

ہنگو میں تھانے اور مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ  12 زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او ہنگو نثار احمد نے اس حوالے سے بتایا کہ پہلا دھماکہ تھانے کے داخلی دروازے پر ہوا جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئی، اس کے چند منٹ بعد پولیس اسٹیشن کے احاطے میں واقع مسجد کے اندر ایک اور دھماکہ ہوا۔

نثار احمد نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی چھت منہدم ہوگئی جس کے ملبے تلے 30 سے 40 افراد دبے ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق باقی افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ 12 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے مطابق ہنگو میں پولیس کی بروقت کارروائی سے زیادہ تر نمازی محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آور تھانے میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر مارا گیا۔

وزیرِ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تاہم فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکل گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور دھماکہ کر دیا۔

فیروز جمال شاہ کے مطابق اگر حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو بڑے جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان نے پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکام کو ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔

مزید انہوں نے متعلقہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہنگو بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button