باجوہ، فیض، ثاقب نثار، آصف کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان کے مجرم ہیں: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ، فیض حمید، ثاقب نثار، جسٹس کھوسہ، عظمت سعید، اعجازالاحسن پاکستان اور 22 کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔
یہ بات نواز شریف نے لندن میں پاکستان سے آئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدراہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔
نواز شریف کے مطابق جب تک اس سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ 21 اکتوبر کو پورا پاکستان لاہور میں نواز شریف کا استقبال کرے گا۔
نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ 2017 کے ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے تحت بربادی کے دھانے پر لا کھڑا کیا گیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔
بیان کے مطابق سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر واضح کیا کہ نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے سنہ 2019 میں برطانیہ چلے گئے تھے اور پانامہ ریفرنسز میں عدالت کی طرف سے دی گئی چار ہفتے کی مدت میں وہ واپس نہیں آئے۔
جس کے بعد ان کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے گئے تھے۔ اور اب انھوں نے تقریباً چار برس کی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔