حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانوں کی شرح میں اضافہ کردیا
حکومت نے ملک بھر کی قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف جرمانوں کی رقوم میں اضافے کا فیصلہ کرلیا، جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے اور قومی شاہراہوں پر جرمانوں کی شرح میں تقریباً چار گنا اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موٹروے پر کم سے کم جرمانہ 150 سے بڑھا کر 500 روپے کردیا گیا ہے اور تیز رفتاری پر جرمانہ 750 سے بڑھا کر 25 سو روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ علاقے میں اوورٹیک کرنے کا جرمانہ 300 سے بڑھا کر 15 سو روپے کردیا گیا، ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے کا جرمانہ 500 سے بڑھ کر 5 ہزار روپے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس گاڑی کی لائٹس استعمال کرنے کا جرمانہ 5 ہزار روپے، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کا جرمانہ 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس حکام کے مطابق اس کے علاوہ ہیوی لائٹس کے استعمال پر جرمانہ 2000 روپے ہوگا۔