بی آرٹی پشاور کو کوئی مالی مسائل کا سامنا نہیں، ترجمان ٹرانس پشاور
بی آر ٹی ترجمان نے کہا ہے کہ بی آرٹی پشاور کو کوئی مالی مسائل کا سامنا نہیں، سروس کامیابی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کو ہر مہینے باقاعدگی سے سبسڈی مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سال 2022-23 کے دوران مالی مشکلات کی وجہ سے حکومت کی طرف سے دو مہینے کیلئے ٹرانس پشاور کو سبسڈی ادا نہیں کی گئی تھی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ خزانہ کے درمیان پچھلے سال کی واجب الادا سبسڈی کے بارے میں خط و کتابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی آر ٹی سروس متاثر ہونے کا غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ رواں مالی سال کی سبسڈی ٹرانس پشاور کو با قاعدگی سے مل رہی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز رپورٹس سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو بی آر ٹی کے لیے ایک ارب روپے دینے سے انکار کر دیا ہے۔ صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سیکرٹری محکمہ خزانہ کو خط ارسال کیا تھا جس میں بی آر ٹی کے لیے محکمہ خزانہ سے ایک ارب روپے مانگے گئے تھے۔
خط میں کہا گیا تھا کہ محکمہ خزانہ نے سال 23-2022 میں بی آر ٹی کیلئے 66 کروڑ 24 لاکھ روپے جاری کیے۔ بی آر ٹی چلانے کے لیے جاری کی گئی رقم استعمال نہ ہونے سے فنڈز لیپس ہو گئے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کیجانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کو بتایا گیا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث فی الوقت بی آر ٹی کی لئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ایک ارب روپے نہیں دے سکتے۔ وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا کی قابل تقسیم محاصل سے اپنا حصہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے جاری کردہ فنڈ سے ایک پائی بھی استعمال نہیں کی فنڈ لیپس ہوا۔