ضلع مہمند میں طالبات کا استانیوں کی غیر حاضری کے خلاف احتجاج
عبدالستار
ضلع مہمند کے علاقے کو تاترپ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی طالبات نے استانیوں کی غیر حاضری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طالبات نے مین روڈ (دانشکول ٹو امبار) کو احتجاجا بند کر رکھا تھا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ انکی استانیاں پڑھانے کے لئے سکول نہیں آتی جس کی وجہ سے لڑکیاں تعلیم سے محروم ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک انکا مطالبہ پورا نہیں ہوتا تب تک وہ سڑک پر بیٹھیں رہیں گی۔
اس موقع پر طالبات کے والدین نے کہا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مہمند اور دیگر ذمہ دار افراد کو تحریری طور پر درخواست دے کر ان پر واضح کیا ہے کہ پورے امبار تحصیل میں یہی ایک لڑکیوں کا سکول ہے اور باقی کسی بھی علاقے میں سکول نہیں ہے۔ بہت دور دور سے بچیاں تعلیم حاصل کرنی آتی ہیں مگر سکول میں استانیاں نہیں آتی جس کی وجہ سے طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیمیل ڈی ای او مہمند کو بھی تدریسی عملے کے نہ آنے کی باقاعدہ درخواست دے کر کی ہے مگر شنوائی نہ ہوسکی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری بچیوں کو تعلیم سے محروم نہ کیا جائے اور ایسی استانیاں تعینات کی جائے کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر موجود ہو۔
تحصیل امبار کے سماجی کارکن مقصودخان نے کہا کہ پورے امبار تحصیل میں لڑکیوں کا یہ واحد گرلز سکول ہے اور اس میں بھی تدریسی عملے کی عدم موجودگی تشویشناک امر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ استانیاں مہینوں نہیں آتیں اور تنخواہیں گھر پر لیتی ہیں جبکہ بچیاں اس جدید دور میں کب تک تعلیم سے محروم رہیں گی۔
انہون نے کہا کہ خواتین اساتذہ تو کیا مرد اساتذہ بھی ڈیوٹی چور ہیں جن کی وجہ سے تحصیل امبار میں شرح تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن ضم اضلاع، سیکرٹری ایجوکیشن پختونخوا اور کورکمانڈر پشاور سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ گرلز سکول کو فعال کیا جائے اور مزید سکول قائم کرکے خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔