سوئٹزرلینڈ نے پاکستانی طلبا کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کردیا
بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر پاکستانی طلبا کیلئے آئندہ تعلیمی سال 2024-25 کیلئے ”ایکسیلینس اسکالرشپ“ کا اعلان کیا ہے۔
سوئس کنفیڈریشن ہر سال ایکسیلینس اسکالرشپس دیتی ہے جس میں 180 سے زائد ممالک کے اسکالرز اور ریسرچرز کو سوئٹزرلینڈ کے اندر تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی دعوت دی جاتی ہے۔
یہ اسکالرشپس مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچرز کے لیے دستیاب ہیں، اور کم از کم ماسٹرز ڈگری والے ہی اس کے اہل ہوں گے۔
یہ پروگرام سوئٹزرلینڈ میں ڈاکٹریٹ یا پوسٹ ڈاکٹریٹ کی سطح پر تحقیق یا اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں افراد کا خیر مقدم کرتا ہے۔
سوئس گورنمنٹ ایکسیلینس اسکالرشپس کا بنیادی مقصد ماسٹر یا ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کرنے والے غیر ملکی ریسرچرزکے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنا ہے۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کا انتخاب فیڈرل کمیشن فار اسکالرشپس فار فارن اسٹوڈنٹس (ایف سی ایس) کی نگرانی میں کیا جائے گا۔
خواہش مند امیدواروں کیلئے ماسٹرز کے بعد ایک سال کی تحقیق، ماسٹرز کے بعد تین سالہ پی ایچ ڈی ، اور ایک سالہ پوسٹ ڈاکٹریٹ پروگرام رکھے گئے ہیں۔
سفارت خانے کی جانب سے درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، اضافی تفصیلات سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔