لائف سٹائل

بی آر ٹی سروس صبح سے معطل، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

 

پشاور بی آر ٹی بس سروس آج صبح دس بجے سے معطل ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بی آرٹی ترجمان صدف کامل نے ٹی این این کو بتایا کہ بی آرٹی کے آئی ٹی سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے صبح دس بجے سے سروس معطل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوریڈور میں مرمتی کام کے باعث سروس معطل رہے گی اور اس میں مزید چند گھنٹے لگیں گے، شام تک کام مکمل ہونے کے بعد سروس کو مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی آرٹی کا تمام سسٹم آئی ٹی سے منسلک ہے جس کی وجہ سے سسٹم کو اپڈیٹ کرنا پڑرہا ہے۔

مرمتی کام کے باعث بی آرٹی کی تمام سروس کوریڈور اورتمام فیڈرز روٹس پر سروس بند رہے گی۔ ترجمان بی آرٹی کے مطابق بسوں میں روزانہ کی بنیاد پر قریبا تین لاکھ تک مسافر سفر کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فی الحال بی آر ٹی کرایوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس حوالے سے جعلی خبریں پھیلی تھی کہ بی آر ٹی کرایوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور کی بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے جسکا افتتاح 13 اگست 2020 کو ہوا تھا۔ اس وقت بی آر ٹی کی 220 بسیں آپریشنل ہیں۔

روزانہ کی بنیاد پر 180 سے 185 تک بسیں پشاور کے مختلف بی آر ٹی روٹس پر چلتی ہیں جبکہ دیگر بسوں کو مسافروں کی سہولت کیلئے ریزرو پر رکھا جاتا ہے۔ بی آر ٹی بس سروس میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطا 3 لاکھ سولہ ہزار تک مسافر سفر کرتے ہیں اور ماہانہ اوسطا ایک کروڑ تک مسافروں کی تعداد پہنچ جاتی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button