خیبر پختونخوا میں مارچ سے 14 اگست تک کتنے سیاحوں کی آمد ہوئی؟
محمد عثمان
خیبر پختونخوا کے شمالی علاقہ جات خوبصورت سرسبز وادیوں، بلند وبالا پہاڑ، میٹھے چشموں اور قدرتی خطوں پر مشتمل ہے جہاں کے سحر انگیز آبشار، فلک بوس پہاڑ، نیل گو جھیلیں اور سرسبز و شاداب وادیاں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ لاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں پچھلے سال کی نسبت اس سال 14 لاکھ سے زائد تک اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے مطابق سال 2022 کے پانچ ماہ یعنی مارچ سے اگست تک 57 لاکھ 32 ہزار 146 سیاح خیبر پختونخوا گھومنے آئے جبکہ اس سال یہ تعداد 71 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ان سیاحوں میں 2 ہزار کے قریب غیر ملکی سیاح بھی شامل ہے۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق جون سے اگست تک سب زیادہ 25 لاکھ سیاحوں نے ناران کاغان کا رخ کیا۔ گلیات میں 20 لاکھ، مالم جبہ سوات میں 14 لاکھ 53 ہزار جبکہ اپر دیر میں 7 لاکھ 34 ہزار سیاحوں کی آمد ہوئی۔ اسی طرح 3 لاکھ 41 ہزار سیاحوں نے لوئر چترال جبکہ 31 ہزار 111 نے اپر چترال کا وزٹ کیا ہے۔
محکمہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پانچ مہینوں میں سب زیادہ غیر ملکی 763 سیاح لوئر چترال آئے جبکہ 471 غیر ملکی ٹورسٹ نے اپر چترال کے دلفریب مقامات کے نظارے کئے، دیر اپر میں 198، مالم جبہ میں 288، گلیات میں 95 اور 273 غیر ملکی سیاح ناران کاغان گئے ہیں۔