محراب آفریدی
صوبائی وزیر کھیل مطیع اللہ نے خیبرپختونخوا ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا افتتاح کردیا۔ سیکرٹری سپورٹس آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد خان اور ڈی جی سپورٹس کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود بھی موجودتھے۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے ڈیجیٹلا ئزیشن کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ اس کا آغاز ERP کی ڈیویلپمنٹ سے ہوگا جس میں مختلف موڈیولز ہونگے۔
اس منصوبے کے تحت کھلاڑیوں اور سٹاف کی مینجمنٹ اور رجسٹریشن، گراونڈ ، سٹور ،اینونٹری مینجمنٹ، کیش فلو منیجمنٹ ، کھیلوں کے سامان کی ترسیل سمیت دیگر مختلف موڈیولز شامل ہونگے۔ اس سلسلے میں پی سی ون تیار ہو چکا ہے جس کا اگلے ہفتے ٹینڈر ہوگا۔
اس موقعے پر سیکرٹری سپورٹس نے ڈی جی سپورٹس کی کاوشوں کو سراہا اور تجاویز دیں کہ اس منصوبے میں پروکیورمنٹ اور ای بلنگ کے موڈیولز بھی شامل کئے جائیں۔ اس موقع پرنگران صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ اس طرح کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی ضرورت ہے اور اداروں کی کارکردگی بڑھانے کے لئے لازمی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ERP کے اس عمل کو پورے صوبے تک توسیع دی جائے اور اس کے استعمال کو لازمی قراردیا جائے آخر میں وزیر کھیل نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور سب کا شکریہ ادا کیا۔