جرائم

لکی مروت میں مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

غلام اکبر مروت

لکی مروت میں لکی سیمنٹ فیکٹری سے حق مانگنے کیلئے احتجاج کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او وسیم سجاد نے ٹی این این کو بتایا کہا کہ انہوں نے کل شام بھرپور کوشش کی کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل ہو جائے اور پشاور کراچی انڈس ہائی وے کھل جائے لیکن مظاہرین بات ماننے سے انکاری تھے۔
رات گئے جب مظاہرین کی تعداد 50 سے کم تھی تو ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں اور سواریوں نے سڑک کھولنے کی کوشش کی۔ اس دوران وہ اپنی نفری، ڈی ایس پی غزنی خیل اور پولیس چوکی شہباز خیل کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تاکہ عوام اور مظاہرین کے درمیان کسی ممکنہ تصادم کو روکا جاسکے۔
اس دوران مظاہرین کے ایک اور گروپ نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت فائرنگ کی۔ تقریباً 15 منٹ بعد فائرنگ رکی تو نصر دین، وحید نواز، سیف الدین، علی خان سمیت کل پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جو معمولی زخمی ہوا ہے۔ دیگر زخمیوں میں نصردین خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔

ایس ایچ او وسیم سجاد کا کہنا ہے یہ تمام لوگ اپنی پارٹی کے لوگوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں۔ پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب مظاہرین نے پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر لاش رکھ کر بند کردی ہے۔ فائرنگ کے بعد مزید لوگ لکی سیمنٹ فیکٹری کے باہر احتجاج کیلئے جمع ہورہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے کل شام ہمارے چار افراد کو گرفتار کیا تھا جس پر وانڈہ جوگی کے عوام نے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف رات گئے سے انڈس ہائی وے پر احتجاج شروع کیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کردی۔
مشتعل عوام نے لاش فیکٹری کے سامنے رکھ کر دوبارہ احتجاج شروع کر دیا ہے اور پشاور کراچی انڈس ہائی وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی ہے۔

لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم پر واقع لکی سیمنٹ فیکٹری عرصہ دراز سے مقامی لوگوں کو مالکانہ کی ادائیگی نہیں کررہی۔ مالکانہ دراصل رائلٹی کے علاؤہ وہ ادائیگی ہے جو زمینوں کے مالکان کو کی جاتی ہے۔
اس سلسلے میں وانڈہ جوگی کے لوگ وقتاً فوقتاً احتجاج کرتے رہتے ہیں۔ چار ماہ قبل بھی وانڈہ جوگی کے عوام نے احتجاج کیا تھا جس کے بعد لکی سیمنٹ فیکٹری نے انہیں ابتدائی طور پر تین کروڑ روپے کی ادائیگی کی تھی لیکن باقی ادائیگی پھر روکی گئی۔ کل وانڈہ جوگی کے عوام نے ایک بار پھر احتجاج شروع کیا جس میں یہ واقعہ پیش آیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button