ہزارہ ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 30 افراد جاں بحق
کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتریں، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہو گئی ہے، لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جبکہ ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین کا حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
حکام کا بتانا ہے کہ ٹرین حادثے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ کے مطابق ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 10 ایس ایچ اوز، 4 ڈی ایس پیز اور 100 سے زائد پولیس اہلکار ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔
ادھر پاکستان ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی فوج اور رینجرز نے جائے حادثہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے حیدرآباد اور سکرنڈ سے اضافی نفری طلب کرلی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں، پاک فوج اور رینجرز کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچنا شروع ہوگئ ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائیوں کے لیے روانہ کیے گئے ہیں، دیگر اہلکار بھی کھانے پینے کی اشیا لے کر جائے وقوع پر پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان آرمی کا ریسکیو آپریشن آخری زخمی کو ہسپتال منتقل کرنے اور جائے حادثہ پر پھنسے لوگوں کی بحالی تک جاری رہے گا۔