جرائم

باجوڑ: جے یو آئی ورکرز کنونشن میں دھماکہ، 40 افراد جاں بحق، 150 سے زائد زخمی

خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں مقامی امیر مولانا ضیاء اللہ جان سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق بم دھماکہ خار کے علاقے دوبئی موڑ کے قریب ہوا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق یہ دھماکہ جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام شنڈی موڑ ہیڈ کوارٹر خار میں جاری ورکرز کنونشن میں ہوا ہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں 40 سے زائد افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 150 سے زائد زخمی ہوِئے ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر سے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے جمعیت علما اسلام کے جلسے میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کے حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام ایک پر امن جماعت ہے۔ ہم نے ہمیشہ پرامن سیاسی جہدوجہد کا راستہ اپنایا ہے۔

باجوڑ دھماکہ خودکش قرار

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔

ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ناصر ستی نے بھی بتایا کہ باجوڑ دھماکہ خودکش لگتا ہے، تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، چند روز قبل ایک دہشت گرد نے جمرود کے علاقے میں مسجد میں خود کش دھماکا کیا تھا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ 18 جولائی کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے کے قریب دھماکے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button