خیبر: تھانہ علی مسجد کی حدود میں خودکش دھماکہ، ایڈیشنل ایس ایچ او جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جاں بحق ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور اشفاق انور نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں واقع خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر چلے گئے اور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جان سے گئے۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کا ایک ساتھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ خودکش حملہ آور کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا تاہم ان کے ہدف کا تعین کیا جا رہا ہے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور دیگر افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ضلع خیبر میں 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 18 جولائی کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے کے قریب دھماکے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ایس پی کینٹ وقاص رفیع نے بتایا تھا کہ حملے میں حیات آباد فیز 6 سے گزرنے والے فرنٹیئر کور کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔