صوابی: پیسے گھروں پر منتقل نہ کرنے پر کئی خاندانوں کو جان سے مارنے کی دھمکی
آفتاب مہمند
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کی تاریخ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد کی جانب سے کئی خاندانوں کو پیسے اپنے گھروں پر منتقل نہ کرنے پر ان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
صوابی کے ایک گاؤں ڈاگئی کے 18 خاندانوں کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ بھجوائے گئے خطوط میں تمام خاندانوں کو ان کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکلوا کر گھروں پر رکھنے کا کہا گیا ہے۔ ساتھ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام خاندان سونا بھی اپنے گھروں پر رکھے جبکہ عمل درآمد نہ ہونے پر ان کو قتل کیا جائے گا۔
خطوط بجھوانے والے شخص نے خود کو ظاہر نہیں کیا تاہم خطوط متفقہ اتفاق یار حسین کے نام سے بجھوائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع صوابی میں یار حسین نام سے ایک گاؤں بھی واقع ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ خطوط میں یار حسین نام کس وجہ سے لکھا گیا ہے۔
ادھر ڈاگئی کے تمام خاندانوں نے متفقہ طور پر بھتہ نہ دینے اور مشترکہ طور پر مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاگئی کے رہائشیوں کو خطوط ملنے کے بعد کالو خان پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا۔ اسی حوالے سے ڈاگئی کے عوام کا آپس میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
گاوں کے عوام نے اتوار کو سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک جرگہ بلا لیا ہے جہاں مستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ڈاگئی گاوں کے رہائشیوں کے مطابق پولیس نے ان کو خود بھی اپنی حفاظت کرانے کی ہدایات دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے اب تک خطوط ارسال کرنے پر کوئی کاروائی نہیں کی تاہم اس حوالے سے کالو خان پولیس کا کہنا ہے کہ تصدیق کیلئے خطوط متعلقہ لیبارٹری کو بھجوا دیئے گئے ہیں اور تصدیق ہونے کے بعد ایک نتیجے پر پہنچ کر بھرپور کاروائی کی جائے گی۔