بلاگزجرائم

"بل دینے کی کیا ضرورت ہے ایک کنڈا لگاو اور اے سی کے مزے لو”

 

تحریر: رعناز

کچھ دن پہلے ہم سارے کولیگز ایک ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں اور گرمی کا رونا رو رہی تھیں۔ میری ایک کولیگ نے کہا کہ گرمی کا تو بس ایک ہی علاج ہے کہ اے سی والے کمرے میں ہی بندہ بیٹھا رہے۔ میں نے آگے سے کہا کہ پھر اے سی کی وجہ سے بجلی کے جو بل  آتے ہیں وہ پھر ادا کرنا ہمارے بس کی بات نہیں ہوتی۔ میری کولیگ میرے اس بات کے جواب میں کہنے لگیں کہ بل دینے کی کیا ضرورت ہے ایک کنڈا لگاو اور اے سی کے مزے لو۔ میں نے کہا یہ تو چوری ہوئی۔ وہ آگے سے کہنے لگی کہ بجلی کی چوری بھی بھلا کوئی چوری ہوتی ہے۔ اس کے اس جواب نے مجھے حیران کر دیا نہایت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے لوگ بجلی کی چوری کو سرے سے چوری سمجھتے ہی نہیں ہے۔

بجلی کی چوری ناجائز حرام اور گناہ ہے۔ چاہے وہ جس طریقے سے بھی کی جائے مثلا کنڈے کے استعمال سے، میٹر کی رفتار آہستہ کرنے سے یا کوئی اور طریقہ اپنا کر۔ سب کے سب طریقے ناجائز اور غیرقانونی ہیں۔ مجھے تو یہ سمجھ نہیں آتی کہ اگر ایک شخص چوری کی بجلی کا پانی استعمال کرتا ہے ،اسی پانی کو استعمال کرکے کھانا پکائے تو کیا وہ کھانا حرام ہے یا حلال؟ اسی طرح اگر اس گھر کے لوگ اس پانی سے وضو کرکے عبادت کرے تو کیا ان کی وہ عبادت اللہ کی بارگاہ میں قبول ہوگی؟نہیں  بالکل بھی نہیں۔

چوری کی بجلی استعمال کرنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔ اگر ہم بجلی کی چوری کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم پورے ملک کے عوام کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔ ہم ان کا حق کھا رہے ہیں. اگر کوئی شخص ایک بندے کے ساتھ زیادتی کرے یا اس کا حق کھائے تو اسے پھر بھی معاف کیا جا سکتا ہے لیکن اگر کوئی شخص پورے ملک کے ساتھ زیادتی کرے تو اسے معاف کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

میں نے تو اکثر یہ بھی دیکھا ہے کہ اگر کسی گھر میں شادی بیاہ کی تقریب ہو تو وہ کنڈی لگا کر پورے محلے کو لائٹس اور روشنیوں  سے بھر دیتے ہیں جس سے پوری شادی کی تقریب جگمگ جگمگ ہو جاتی ہے تو کیا یہ انصاف ہے کہ ایک گھر کی شادی کی وجہ سے تمام یوٹیلیٹیز کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے؟

آئیے اب چلتے ہیں ان وجوہات کی جانب جن کی وجہ سے لوگ بجلی کی چوری کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ میرے خیال میں جو سب سے بڑی وجہ ہے وہ ہے بجلی کی قیمت اور اس میں روز بروز کا  بڑھتا ہوا اضافہ۔ ایک غریب شخص جس کے گھر میں نہ تو ٹی وی ہوتا ہے اور نا فریج پھر بھی وہ ہر مہینے بجلی کے بڑے بڑے بل ادا کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ مجبور ہو کر بجلی کی چوری کرنا شروع کر دیتا ہے، کیونکہ اس کی آمدنی اتنی نہیں ہوتی کہ وہ اتنے بڑے بڑے بل ادا کر سکے۔

بجلی چوری کرنے کی ایک  اور بڑی وجہ بے روزگاری بھی ہے کیونکہ اگر ایک بندہ بے روزگار ہو گا تو وہ بجلی کا بل کیسے ادا کر پائے گا؟ اس کے برعکس ایک یہ وجہ بھی ہوسکتی ہے کہ کچھ لوگ بجلی کا بل ادا کرنا ہی نہیں چاہتے اس لئے وہ چوری کی بجلی استعمال کرتے ہیں۔ انہیں مفت کی بجلی استعمال کرنے کی عادت ہو چکی ہوتی ہے۔

لہذا بجلی کی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی شروع کرنی چاہیے۔ بڑی سطح پر چوروں کو سخت سزائیں دینی چاہیے تاکہ وہ دوسروں کے لئے عبرت کا نشانہ بنے۔ اس کے علاوہ عوام کو یہ بات سمجھانی چاہیے ان میں یہ شعور اجاگر کرنا چاہیے کہ بجلی کی چوری بھی چوری ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دینی چاہیے تاکہ عوام بجلی کی چوری کرنے پر مجبور نہ ہو ۔عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے چاہیے تاکہ وہ اپنی آمدنی بڑھا سکے اور آسانی سے بجلی کے بل ادا کرسکے۔

رعناز ٹیچر اور کپس کالج مردان کی ایگزام کنٹرولر ہیں اور صنفی اور سماجی مسائل پر بلاگنگ بھی کرتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button