پشاور میں گیس لیکج دھماکے سے مکان گرگیا، 3 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں
پشاور کے علاقہ شریف آباد کوہاٹ روڈ پر مبینہ گیس لیکج دھماکے کے نتیجے میں مکان کی چھتیں گرنے سے تین بچے جان بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کوہاٹ روڈ دورہ چوک گلی نمبر 4 میں ہونے والے مبینہ گیس لیکج سلنڈر دھماکا شہزاد نامی شخص کے مکان میں ہوا جس سے گھر کی چھت منہدم ہوگئی اور ماں باپ سمیت تین بچے ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران والدین کو فوری طور ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ سات گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد تین بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 8 سالہ زنیرہ، 4 سالہ احمد اور 3 سالہ جلیل عمر شامل ہیں۔
ریسیکیو ترجمان نے بتایا ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ایک گیس لیک دھماکہ ہے جبکہ امدادی کارروائی میں ریسکیو کی آٹھ ایمبولینسز، تین ریکوری وہیکلز اور 65 کے قریب اہلکار اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب سوات کے علاقے مانکیال میں چئیر لفٹ کی رسی ٹوٹنے سے ماں اور ان کے چار ماہ کا بچہ دریائے سوات میں گرگئے۔
پولیس کے مطابق چئیر لفٹ میں چار افراد سوار تھے جبکہ واقعہ کے بعد غوطہ خور ٹیم نے ڈوبنے والی خاتون اور ان کے بچے کی تلاش شروع کردی ہے۔