باجوڑ میں سیپٹک ٹینکس کا انتظام نہ کرنے پر ماربل فیکٹریوں کے 15 افراد گرفتار
بلال یاسر
ضلع باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر نے ماربل کی فیکٹریوں سے نکلنے والے گندے پانی کے لیے سیپٹک ٹینکس کی موجودگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے۔
گزشتہ روز ماربل فیکٹریوں میں گندے پانی کے لیے سیپٹک ٹینکس کا انتظام نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ انوار الحق اور اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ یوسفزئی کے زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر خار 1 شاہ نواز خان نے شیخ کلی خوڑ سے 15 افراد کو گرفتار کیا۔ فیکٹری مالکان اور گرفتار کیے جانے والے افراد کو اے سی خار محب اللہ خان نے سختی سے ہدایات جاری کردی کہ ماربل فیکٹریوں میں سیپٹک ٹینکس کا انتظام جلد از جلد یقینی بنائیں بصورت دیگرسیپٹک ٹینکس انسٹال نہ کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔
خیال رہے 13 مئی 2023 کو ٹرائبل نیوز نیٹ ورک نے ضلع باجوڑ ماندل و دیگر علاقوں میں واقع ماربل کی فیکٹریوں سے نکلنے والے گندے پانی کے حوالے سے سٹوری شائع کی تھی۔ سٹوری میں بیان کیا گیا تھا کہ ماربل فیکٹریوں سے نکلنے والے گندے پانی سے مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گندے پانی نے نہ صرف زمین کو ناقابل کاشت بنادیا ہے بلکہ اس کی وجہ سے آبی حیات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
اس سٹوری کی اشاعت کے بعد قبائلی ضلع باجوڑ ڈپٹی کمشنر باجوڑ انوار الحق اور اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ یوسفزئی نے یقینی دہائی کرائی تھی کہ اس عوام اور ماحول دشمن اقدام کا ضرور نوٹس لیں گے۔
علاقے کے عوام نے ٹی این این کے منتظمین اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس عملی اقدام سے اب انہیں اس مشکل سے نجات مل جائے گی۔