سیاست

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری، اے این پی نے وزیراعظم کو خط لکھا دیا

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کے معاملے پر عوامی نیشنل پارٹی نے وفاقی حکومت سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا۔

اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا دیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبے میں دہشتگردوں کی ریسیٹلمنٹ کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کمیٹی بنائی جائے۔

خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ صوبے کی عوام کو ایک دفعہ پھر دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران اور بیرسٹر سیف کئی مرتبہ دہشتگردوں کو دوبارہ لانے کا اعتراف کرچکے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سربراہی میں پورے عمل کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے جبکہ انکوائری ایکٹ 2017 کی روشنی میں وفاقی حکومت جوڈیشل انکوائری کا اعلان کریں۔

واضح رہے کہ اس قبل عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری اور حالیہ واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

اس موقع پر جسٹس عبد الشکور نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے اس حوالے سے اعلی عدالتوں کا کوئی فیصلہ موجود ہے کہ عدالت نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا حکم دیا ہوں؟

اس پر درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ بابر خان یوسفزئی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہے اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا کیس ہے جس میں  عدالت سے کمیشن بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ کیسز کی مثال پیش کرنے کے لیے مجھے دو ہفتے کی مہلت دیں۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کو کیس کی تیاری کا موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button