نوشہرہ میں نامعلوم افراد کا ٹیچر پر حملہ، سکول پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر درج
ہارون الرشید
خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں مبینہ طور میٹرک امتحان میں نقل نہ چھوڑنے پر خیبر اسلامک ماڈل سکول اکبر پورہ کے امتحانی ہال میں ڈیوٹی سر انجام دینے والا ٹیچر نامعلوم افراد کے حملے سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے ڈنڈوں سے ٹیچر کو لہو لہان کر کے شدید زخمی کردیا۔
زخمی ٹیچر ابوبکر نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے جاتے وقت انہیں بتایا کہ آپ نے ہال میں کیوں سختی کی، ٹیچر کو زخمی حالت میں میاں راشد حسین شہید میموریل ہسپتال پبی منتقل کردیا گیا۔
ادھر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ناصر محمود نے اکبرپورہ میں سکول ٹیچر پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی جلد تحقیقات کرانے کا حکم دیا ہے۔ ڈی پی او کی ہدایت پر ایس ڈی پی او پبی گلشید خان اور جمشید خان ایس ایچ او اکبرپورہ نے فوری طور پر ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ میڈیکل چیک اپ کرنے کے بعد قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود نے متعلقہ افسران کو ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔
دوسری جانب زخمی ہونے والے ٹیچر ابوبکر نے واقعہ کی ایف آئی آر سکول پرنسپل فضل الہی ہے خلاف درج کرائی ہے۔
ادھر خیبر اسلامک ماڈل سکول اکبرپورہ کے پرنسپل فضل الٰہی نے امتحانی ہال میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ٹیچر ابوبکر پر نامعلوم افراد کی تشدد کی مذمت کرتے وضاحت کی ہے کہ اس واقعے سے ان کے سکول یا طلباء کا کوئی کردار نہیں نہ ہی ان کی ایماء پر ٹیچر کو مارا پیٹا گیا ہے.
انہوں نے بتایا کہ ٹیچر ابوبکر نے ان کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے ایف آئی آر درج کی ہے تاہم وہ مجروح اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ غلط فہمی دور کرنے کے لیے رابطے میں ہیں اس سلسلے میں متاثرہ فرد کی ہر قسم تسلی دینے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ مجروح ٹیچر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ سکول کی حدود سے باہر بالو کے علاقہ میں پیش آیا ہے تاہم انہوں نے پولیس تھانہ اکبر پورہ میں سکول پرنسپل سمیت 6 طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کراتے ہوئے یہ دعوی کیا ہے کہ ان پر تشدد پرنسپل کی ایماء پر ہوئی ہے، تشدد کرنے والے ملزمان ٹیچر ابوبکر سے ان کی موٹر سائیکل بھی ساتھ لے گئے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں ایجوکیشن بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ بورڈ انتظامیہ نے نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی ہالز میں کیمروں کی تنصیب کے علاوہ دیگر اقدامات بھی کئے ہیں۔